اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ویکسین کے اہل 50 فیصد رہائشیوں کو جزوی طور پر ٹیکے لگادیے گئے۔
اسلام آباد میں مثبت کیسز کی شرح ایک فیصد تک ہوگئی ہے جبکہ اتوار کے روز صرف 34 افراد کا کورونا مثبت آیا۔
صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ یومیہ 15 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے اور انہیں امید ہے کہ جولائی میں 70 سے 80 فیصد تک ویکسین لگانے کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر زعیم ضیا نے ڈان کو بتایا کہ اتوار کے روز 3 ہزار 226 ٹیسٹ میں 34 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ شہر میں مثبت کیسز کی شرح 11 فیصد سے کم ہو کر ایک فیصد ہوگئی ہے۔
یہ وبائی مرض کی تیسری لہر کے دوران سب سے کم شرح ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر زعیم ضیا نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں 5 لاکھ ویکسین لگائی گئیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ 80 فیصد ویکسی نیشن کا ہدف جولائی میں حاصل کرلیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ تمام امور درست سمت میں ہیں اس لیے وہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے پر توجہ دے رہے ہیں۔
وزارت قومی صحت (این ایچ ایس) کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ فائزر ویکسین کا ایک بہت بڑا دباؤ اور مطالبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار وضع کیا ہے جس کے تحت صرف ان لوگوں کو جو بیرون ملک جارہے ہیں یا کینسر جیسی سنگین بیماریوں میں مبتلا ہیں انہیں فائزر کی ویکسین دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسری طرف یہ ایک اچھی خبر ہے کہ 5 لاکھ سے زائد افراد کو جزوی یا مکمل طور پر ویکسین لگائی گئی ہے۔
ادھر راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
اسی دورانیے میں 31 مریضوں کو صحتیابی کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کردیا گیا۔
پنجاب حکومت کے مطابق ضلع میں مارچ 2020 سے جون 2021 تک مثبت کیسز کی شرح 6.91 فیصد رہی تاہم گزشتہ روز 928 مشتبہ کیسز میں سے 24 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، اس طرح مثبت کیسز کی شرح 2.57 فیصد ہوگئی۔
علاوہ ازیں حکام نے بتایا کہ ضلع اٹک میں بھی مثبت شرح میں کمی آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ میں مثبت کیسز کی شرح 2.66 تک کم ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ جون میں ایک ہزار 541 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 41 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
چیف ایگزیکٹو افسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر جواد الہٰی نے کہا کہ علاقے میں کورونا وبا سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد ہونے کے نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بیماری سے صحتیاب ہونے کے بعد ہسپتالوں سے گھر جانے والے افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔