تفتیش کاروں نے دارالحکومت اسلام آباد میں جرمن شہری کے قتل کے معاملے میں کوہاٹ سے 2 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
سینئر پولیس افسران نے بتایا کہ دارالحکومت اور کوہاٹ پولیس کی مشترکہ ٹیم نے ایک مکان پر چھاپہ مارا اور مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کو کوہاٹ کی جیل میں بھیج دیا گیا اور ان کے ٹرانزٹ ریمانڈ کے لیے عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مشتبہ ملزمان کو تفتیش کے لیے اسلام آباد لائیں گے۔
واضح رہے کہ 31 دسمبر کو جرمن شہری نوئل میتھیاس ڈو ریگو کو 2 افراد نے سیکٹر جی-10/4 میں ان کی رہائشگاہ کے قریب فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔
پولیس کے مطابق وہ 30 لاکھ روپے نکلوانے کے بعد ایف 10 میں بینک سے واپس آرہے تھے اس دوران ایک کار نے انہیں روکا اور دو افراد نے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (آپریشنز) وقارالدین سید نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سب ڈویژن پولیس افسر (ایس ڈی پی او) شالیمار ڈی ایس پی ذوالفقار احمد کی نگرانی میں صدر سرکل پولیس کے ہوموسائڈ یونٹ کو ملزمان کا سراغ لگانے کا کام سونپا تھا۔
ڈی ایس پی ذوالفقار احمد کی نگرانی میں پولیس ٹیم کے سیف سٹی پروجیکٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور مختلف عمارتوں میں نصب دیگر کیمرے کی جانچ پڑتال کے دوران دیکھا گیا کہ لاہور کی رجسٹریشن نمبر والی ایک مہران کار بینک سے جرمن شہری کی گاڑی کا پیچھا کررہی تھی۔
مشتبہ کار کو جرمن شہری کی رہائش گاہ کے قریب بھی دیکھا گیا اور پھر وقوعہ سے تیزی سے روانہ ہوگئی۔
پولیس کے مطابق مذکورہ پیش رفت سے یہ اندازہ ہوگیا کہ کار کے مالک کے پاس کوہاٹ کا مستقل پتہ جبکہ عارضی پتہ اسلام آباد کا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ تفتیش کاروں نے مالک کے بارے میں مزید تفصیلات حاصل کیں جس سے ظاہر ہوا کہ وہ فی الحال کوہاٹ میں تھا۔
تاہم اس دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ مذکورہ واقعے سے کچھ ہی دیر قبل ایک عورت کے نام پر رجسٹرڈ نمبر پر 40 سے زیادہ کالیں موصول ہوئیں۔
ملزم کے مقام کا سراغ لگانے کے بعد تفتیشی ٹیم کوہاٹ پہنچی اور مقامی پولیس کے ہمراہ ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا جس کے نتیجے میں اس کے ساتھی سمیت ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس افسروں نے بتایا کہ چھاپہ مار ٹیم نے جرمن شہری کے قتل میں استعمال ہونے والی کار اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے ڈکیتی کی کوشش کے دعوے کے دوران اس شخص کو ہلاک کرنے کا اعتراف کیا تھا۔
موبائل نمبر کے بارے میں مرکزی ملزم نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ موبائل نمبر اس کی بہن کے نام رجسٹرڈ ہے لیکن تفصیلات حاصل کرنے اور مشتبہ شخص کے بیان کی تصدیق کے لیے موبائل نمبر پر تفتیش جاری ہے۔
پولیس افسران نے یہ بھی بتایا کہ مرکزی ملزم کا مجرمانہ ریکارڈ ہے اور وہ مبینہ طور پر پنجاب اور اسلام آباد میں ڈکیتی اور قتل کے متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔
پرتگال میں پیدا ہونے والے نوئل میتھیاس ڈو ریگو پیشے کے اعتبار سے آئی ٹی ماہر تھے اور وہ جرمنی منتقل ہوگئے تھے اور 12 سال قبل ایک پاکستانی سے شادی کی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ کچھ ماہ قبل انہوں نے اس کمپنی سے استعفیٰ دے دیا تھا جہاں وہ کام کرتے تھے اور واپس جرمنی منتقل ہونے کا سوچ رہے تھے، مزید یہ کہ اسی سلسلے میں وہ 2 ماہ قبل اسلام آباد آئے تھے۔
جرمن شہری اور ان کے والدین پاکستان میں آباد تھے، ان کے پاس پاکستانی اوریجن کارڈ تھا جو 2019 میں جرمنی میں جاری ہوا تھا۔