اسلام آباد: دفتر خارجہ نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے پاکستان پر دباؤ کی میڈیا رپورٹس کی تردید کردی۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق وزیر اعظم پر امریکی دباؤ کی خبریں من گھڑت ہیں، وزیر اعظم واضح کہہ چکے کہ فلسطین کے مسئلے کے منصفانہ حل تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا۔
ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا تھا کہ اس سلسلے میں پاکستان کی پالیسی قائداعظم کے وژن پر مبنی ہے، وزیراعظم کے واضح مؤقف کے بعد بے بنیاد قیاس آرائیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان 1967 سے قبل کی سرحدوں اور دارالحکومت القدس پر مشتمل فلسطین کا حامی ہے، پاکستان اقوام متحدہ، او آئی سی کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا حامی ہے۔
واضح رہے کہ بحرین، متحدہ عرب امارات اور سوڈان اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کے معاہدے پر دستخط کرچکے ہیں۔