پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ اسمبلیوں سے استعفے کے معاملے پر سندھ سے بڑا سرپرائز ملے گا۔
کراچی میں پی پی پی کے مقامی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ استعفوں کے معاملے پر سندھ سے سرپرائز ملے گا، ہمارا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے نہیں ہے کیونکہ وہ کسی طور سیاسی نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنانے کے بعد اس حکومت کی اہمیت سامنے آگئی ہے کیونکہ عمران خان نے خود ہاتھ اٹھا کر دعا مانگی تھی کہ اللہ مجھےشیخ رشید جیسا سیاست دان نہ بنائے اور شاید ان کی دعا قبول ہوگئی ہے۔
پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی وجہ مافیاز ہیں اور یہ مافیا پی ٹی آئی کی اے ٹی ایم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی تحریک جس طرح زور پکڑ رہی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان کی جگادری جلد ہی ملک چھوڑنا شروع کریں گے۔
پی ڈی ایم کی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم انہیں نکالنے کے لیے استعفے دے رہیں اور بہت جلد سندھ بہت بڑا سرپرائز دے گا۔
اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اورمقامی رہنماؤں نے پی پی پی میں شمولیت بھی کی جس پر سعید غنی نے کہا کہ پی پی پی کی مقبولیت کی وجہ سے دوسری جماعتوں سے بڑی تعداد میں کارکن پی پی پی کا حصہ بن رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پی پی پی کو شکست دینے کے لیے مختلف حربے استعمال کیے گئے جس سے سب واقف ہیں لیکن اس وقت بھی پی پی پی کراچی میں مقبول جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کسی کی ذاتی میراث نہیں ہے بلکہ یہاں بسنے والی ہر قوم، زبان اور مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کا شہر ہے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ میڈیا پر پابندیاں، عدلیہ کو متنازع بنانا بلکہ ملک کے اہم ترین اداروں کو بھی متنازع بنانا اس حکومت اور حکمرانوں کی نااہلی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں سیاسی کارکنوں کو ہراساں کیا گیا، جعلی ایف آئی آرز درج کروائی گئیں، بغاور کے الزامات پر انہیں نظر بند کردیا گیا، ہم پی ٹی آئی کو اپنا سیاسی حریف نہیں سمجھتے کیونکہ وہ سیاسی نہیں۔