ترک ڈرامے ارطغرل غازی میں لیڈ رول ادا کرنے والی اداکارہ حلیمہ سلطان مغربی لباس پہننے پر تنقید کا نشانہ بن گئیں۔اسلامی تاریخ پر مبنی ترکش ڈرامہ ’ارطغرل غازی‘ کے آج کل پاکستان میں خوب چرچے ہیں اور لوگ اس ڈرامے کو لے کر اپنے جذبات اور محبت کا اظہار کررہے ہیں تاہم جہاں سوشل میڈیا پر ڈرامے کے کرداروں کی خوب پذیرائی ہورہی ہے وہیں کچھ مداح ڈرامے کے مرکزی کردار کی ذاتی زندگی پر تنقید بھی کررہے ہیں۔
ڈرامہ سیریل ’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی ترکش اداکارہ اسراء بلجیک نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مغربی لباس میں تصاویر شیئر کیں تو اداکارہ کے عشق میں گرفتار پاکستانی مداحوں کو شدید دھچکا لگا اور انہوں نے اپنے غم وغصے کا اظہار بھی کیا۔
مداحوں نے اسرا بلجیک کی بولڈ تصاویر پر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے کے بعد وہ یہ لباس کیسے پہن سکتی ہیں جو کہ حلیمہ سلطان کی شخصیت کے خلاف ہے۔
واضح رہے ارطغرل غازی پہلی بار 2014ء میں ترکی کے سرکاری ٹی وی پر نشر کیا گیا۔ اردو زبان میں ڈب کرنے سے پہلے یہ سیریز 60 مختلف زبانوں میں نشر کی جاچکی ہے۔ یہ ڈرامہ سیریل یکم رمضان سے روزانہ پی ٹی وی پر دکھایا جارہا ہے۔