ارجنٹائن کے فٹبالر دیبالا اور گرل فرینڈ کورونا وائرس کا شکار


اٹلی کے مشہور کلب یوونٹس کی نمائندگی کرنے والے ارجنٹینا کے مشہور فٹبالر پاؤلو دیبالا اور ان کی گرل فرینڈ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

ارجنٹائن کے مشہور فٹبالر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کا انکشاف کیا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں آپ سب کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے نتائج آ گئے ہیں اور میرا اور اوریانا دونوں کا ٹیسٹ مثبت آیا، ہم خوش قسمتی سے بالکل ٹھیک ہیں، آپ سب کے پیغامات کا شکریہ۔

انہوں نے اپنی ویب سائٹ پر پیغام میں چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے رضاکارانہ طور پر 11 مارچ سے خود کو قرنطینہ میں منتقل کرلیا تھا اور اب روبہ صحت ہیں۔

دیبالا 2015 میں یوونٹس کا حصہ بنے تھے اور اس کے بعد اپنی ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے 152میچوں میں 64 گول اسکور کر چکے ہیں۔

یوونٹس کی ٹیم لگاتار 8مرتبہ اٹالین سیریز اے ٹرافی جیت چکی ہے اور خود دیبالا سیریز اے کی سال کی بہترین ٹیم میں تین مرتبہ جگہ بنا چکے ہیں۔

ارجنٹینا کے 26سالہ اسٹار فٹبالر دیبالا یوونٹس کے تیسرے کھلاڑی ہیں جو وائرس کا شکار ہوئے جہاں ان سے قبل ان ہی کی ٹیم کے دفاعی کھلاڑی ڈییئل روگانی اور ورلڈ کپ جیتنے والی فرانس کی ٹیم کے رکن لیس میٹوڈی کے بھی کورونا کے ٹیسٹ مثبت آ چکے ہیں۔

یاد رہے کہ اٹلی دنیا بھر میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں اب تک تقریباً 5ہزارافراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

وائرس کے پھیلاؤ کے سبب دنیا بھر کے دیگر مقابلوں کی طرح اٹالین سیریز اے کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔

اسی فٹبال کلب کی نمائندگی کرنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو وائرس سے بچاؤ کے لیے پہلے ہی تنہائی اختیار کر چکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں