بھارتی گلوکار، اداکار اور ہوسٹ ادیتیا نارائن کو کنسرٹ کے دوران پرستار پر فون پھینکنے کی وجہ سے کافی تنقید کا سامنا ہے۔
بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے شہر بھیلائی کے رنگتا آر ٹو کالج میں ہونے والے اس کنسرٹ کے دوران اس واقعے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ادیتیا نارائن نے فون ایک شخص کی جانب پھینکا۔
گو کہ ادیتیا نے ابھی تک اس حوالے کچھ نہیں کہا ہے تاہم اس کنسرٹ کے آرگنائز نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ مذکورہ بالا فین کالج کا طالب علم نہیں بلکہ کہیں اور سے آیا تھا اور وہ ادیتیا کو کنسرٹ کے دوران مسلسل مشتعل کرنے کے لیے تنگ کرتا رہا، جس کی وجہ سے ادیتیا غصے میں آگئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ لڑکا بار بار ادیتیا کے پاؤں کھینچتا رہا اور اپنا فون متعدد مرتبہ ادیتیا کے پاؤں پر زور زور سے مارا، یہ وہ صورتحال تھی جس کے بعد ادیتیا شدید غصے میں آگئے۔
کنسرٹ آرگنائزر کے مطابق شو بڑے سکون سے چل رہا تھا اور اس واقعے کے بعد بھی شو دو گھنٹے چلا، اگر وہ اسٹوڈنٹ درست تھا تو اسے سامنے آنا چاہیے۔