ایوارڈ یافتہ معروف لولی وڈ اداکارہ ریشم یوں تو آج کل فلمی اسکرین سے غائب ہیں، تاہم وہ اس باوجود فیشن و شوبز انڈسٹری کے دیگر پروگرامات میں نظر آتی ہیں۔
ماضی میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کی متاثر کن، نامور اور زیادہ کمائی کرنے والی اداکاراؤں میں شمار ہونے والی ریشم کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ انہوں نے ایک بار پھر شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
جی ہاں، اداکارہ ریشم نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ آئندہ سال 2020 میں پیا گھر سدھار جائیں گی۔
ماضی میں بھی اداکاری کی شادی کی خبریں سامنے آتی رہیں—فوٹو: فیس بک
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اداکارہ نے شادی کرنے کے لیے رضامندی ظاہر کی ہو، اس سے قبل بھی انہوں نے سال 2019 کے آغاز میں ہی کہا تھا کہ وہ رواں سال کے اختتام تک شادی کرلیں گی۔
لاہور رنگ نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ اداکارہ ریشم نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ سال 2019 کے اختتام تک شادی کرلیں گی۔
اداکارہ نے اس بات کی بھی تصدیق کی تھی کہ وہ کسی شوبز شخصیت سے نہیں بلکہ کاروباری شخص سے شادی کریں گی، تاہم انہوں اپنے ہونے والے جیون ساتھی سے متعلق مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائی تھیں۔
ادکاارہ گزشتہ کچھ عرصے سے ماڈلنگ کرتی دکھائی دیتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
اس سے قبل اداکارہ ریشم کے پاکستانی نژاد فرانسیسی فیشن ڈیزائنر کے ساتھ تعلقات کی خبریں گردش کرتی رہیں مگر اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔
سال 2019 کے اختتام تک شادی نہ کرنے کے حوالے سے جب اداکارہ سے ایک ویب سائٹ نے پوچھا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ آئندہ سال تک شادی کرلیں گی۔
’پرو پاکستانی‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اداکارہ ریشم اس سال 51 برس کی ہوگئیں، تاہم کچھ مسائل اور مشکلات کی وجہ سے ان کی شادی نہیں ہو پائی لیکن اب انہوں نے اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرلیا۔
اداکارہ نے آئندہ سال شادی کرنے کی تصدیق کی—فوٹو: انسٹاگرام
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریشم نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ سال 2020 میں ہی شادی کرلیں گی، تاہم انہوں نے اپنے ہونے والے جیون ساتھی سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی۔
رپورٹ کے مطابق اداکارہ ریشم سمجھتی ہیں کہ ان کی شادی کا درست وقت ہو چکا ہے اور انہیں زندگی کو پرجوش اور پرسکون بنانے کے لیے اب شادی کرنی چاہیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ انہیں اچھے جیون ساتھی کی تلاش میں وقت لگا، تاہم اب ان کی یہ تلاش ختم ہوچکی ہے اور 2020 میں وہ دلہن بنیں گی۔
اداکارہ نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کس سے شادی کریں گی—فوٹو: انسٹاگرام
خیال رہے کہ ریشم نے 1995 میں فلمی کیریئر کا آغاز فلم ’جیوا‘ سے کیا تھا اور ان کی پہلی ہی فلم نے اچھی کامیابی حاصل کی تھی۔
ریشم کی دیگر مشہور فلموں میں ’چور مچائے شور، گھونگھٹ، سنگم، دوپٹا جل رہا ہے، انتہا، پل دو پل، طوفان، پہلا پہلا پیار اور تڑپ‘ شامل ہیں۔
ریشم نے فلموں کے علاوہ ٹی وی ڈراموں اور سیریلز میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، ساتھ ہی وہ ماڈلنگ بھی کرتی دکھائی دیں۔ شاندار پرفارمنس پر انہوں نے متعدد ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔
امکان ے کہ اداکارہ کاروباری شخص سے شادی کریں گی—فوٹو: انسٹاگرام