بھارتی ریئلیٹی شو بگ باس سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ جیسمین بھسین نے انکشاف کیا ہے کہ دہلی میں ہونے والے شو میں کانٹیکٹ لینس پہننے کی وجہ سے آنکھیں زخمی ہوگئیں اور نظر آنا بند ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے حال ہی میں انسٹاپوسٹ کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیا کہ دہلی میں 17 جولائی کو ہونے والے ایک شو کے دوران کانٹیکٹ لینس پہننے کی وجہ ان کے کورنیا (corneas) کو نقصان پہنچا ہے جس کے بعد انہیں نظر آنا بند ہوگیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ تقریب میں جانے کے لیے کانٹیکٹ لینس پہنے جس کے بعد آنکھوں میں درد اور جلن کا احساس ہوا۔ اس وقت ڈاکٹر کے پاس جانے کی بجائے، تقریب میں شرکت کو ترجیح دی کیونکہ کام پہلے ہے۔ تقریب کے دوران دھوپ کے چشمے پہن رکھ تھے کیونکہ مجھے کچھ نظر نہیں آ رہا تھا جبکہ تقریب کی انتظامیہ نے اس دوران میری مدد کی اور میرا ہاتھ پکڑکر مجھے سہارا دیا۔
جیسمین بھسین نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ تقریب کے فوری بعد ڈاکٹر سے رجوع کیا، جس پر انہوں نے بتایا کہ میری آنکھوں کا کورنیا متاثر ہو گیا ہے، یہ کہہ کر انہوں نے میری دونوں آنکھوں پر پٹیاں باندھ دی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ آنکھوں کا زخم ٹھیک ہونے میں 4 سے 5 دن کا وقت درکار ہے۔
دوسری جانب حال ہی میں اداکارہ نے مداحوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے اپنی طبعیت سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا اور انسٹااسٹوری شیئر میں لکھا کہ اب وہ بہتر محسوس کر ہی ہیں اور تمام تر دعاؤں کا شکریہ۔