اپنے بے باک انداز اور خواتین کی برابری سے متعلق آواز اٹھانے والی ماڈل و ادکارہ ایمان سلیمان نے اچانک منگنی اور جلد شادی کا اعلان کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔
ایمان سلیمان کی جلد ہی پہلی فلم ’زندگی تماشا‘ ریلیز ہوگی، تاہم ممکنہ طور پر ان کی فلم کے ریلیز کے ساتھ ہی وہ شادی بھی کرلیں گی، عین ممکن ہے کہ وہ فلم کی ریلیز سے قبل ہی شادی کرلیں۔
ایمان سلیمان نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے منگیتر کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو آگاہ کیا کہ انہوں نے تین ماہ قبل بننے والے دوست جمیل سے منگنی کرلی ہے اور وہ جلد سے جلد شادی کا ارادہ رکھتےہیں۔
اپنے مختلف انداز بیاں میں انہوں نے شادی اور جمیل سے تعلقات سمیت اپنے خاندان والوں کے رد عمل پر بھی بات کی اور بتایا کہ پاکستان میں رہتے ہوئے وہ شادی کے بغیر ایک مرد دوست کے ساتھ زندگی نہیں گزار سکتیں اور ان کے والدین بھی ایسے عمل پر ناراض ہوں گے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جیسے ہی ان کے والدین کو جمیل سے تعلقات کا علم ہوا تو انہوں نے انہیں فوری طور پر تمیز سے شادی کرنے کا کہا اور ان پر واضح کیا کہ وہ امریکا میں نہیں رہتیں۔
ایمان سلیمان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ اپنی محبت کو رشتے میں بدلنے کے لیے شادی کرتے ہیں اور کچھ لوگ شادی کرکے محبت کرتے ہیں، ایسے ہی کچھ لوگ تنہائی ختم کرنے اور ساتھی کی چاہت میں شادی کرتے ہیں۔
تاہم اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ان میں سے کسی مقصد کے لیے نہیں بلکہ ’حرام کو حلال‘ کرنے کے لیے شادی کر رہی ہیں اور انہوں نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی۔
اداکارہ نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ وہ کب تک شادی کا ارادہ رکھتی ہیں، تاہم ان کی باتوں سے اندازا ہوتا ہے کہ وہ جلد سے جلد شادی کی خواہاں ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے اپنے مداحوں کی اپنی شادی کامیاب ہونے کے لیے دعائیں کرنےکا بھی کہا اور یہ واضح کیا کہ وہ جمیل کے ساتھ تب تک زندگی گزاریں گی جب تک ان کی موت نہیں ہوجاتی یا پھر ان دونوں میں طلاق نہیں ہوجاتی۔
ایمان سلیمان کی جانب سے شادی کرنے سے قبل ہی طلاق کی باتیں کرنے پر کچھ مداح حیران بھی دکھائے دیے اور انہوں نے ان کی سوشل میڈیا پوسٹ پر اس کا اظہار بھی کیا۔