پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ اریج فاطمہ نے اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعے مداحوں کو اپنی ایک خاص کریم کی ترکیب بتائی ہے جس کو وہ خود استعمال کرتی ہیں۔
موسمِ سرما میں جِلد کا خیال رکھنا سب سے مشکل کام ہوتا ہے، اسی حوالے سے ادکارہ نے اپنے مداحوں سے ایک ایسی کریم کی ترکیب شیئر کی ہے جسے وہ آسانی سے گھر بیٹھے بنا کر اس کا استعمال کر سکتے ہیں۔
آئیے ہم آپ کو اریج فاطمہ کی جانب سے بتائی جانے والی خاص کریم کی ترکیب بتائیں۔
اداکارہ اریج فاطمہ نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ ’سردیوں میں خشک جِلد کے لیے میں کئی سالوں سے مختلف کریمز اور لوشن استعمال کر رہی ہوں لیکن کچھ سال قبل میں نے خود ایک کریم بنائی۔
انہوں نے کہا کہ ناصرف اس کریم کو بنانا آسان ہے بلکہ اسے جن چیزوں سے بنایا جاتا ہے وہ سب آپ کے کچن میں ہی موجود ہوں گی۔
اریج کا کہنا ہے کہ اس کریم کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ یہ دھوپ سے خراب ہو جانے والی جِلد کے لیے بھی بہترین ہے۔
اریج فاطمہ نے بتایا کہ اس کریم کو بنانا بے حد آسان ہے تو اس کے لیے آپ کو 5 چمچ ویزلین، 2 ٹیبل اسپون زیتون کا تیل، اور ایک چمچ لیموں کا رس درکار ہوگا۔
لیموں کا رس وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے جب کہ زیتون کے تیل میں موجود فیٹی ایسڈ جِلد کو دیر تک نرم و ملائم رکھتے ہیں۔
ان تمام چیزوں کو اچھی طرح ملانے کے بعد ضروری ہے کہ آپ اسے سیشے کے ایسے مرتبان میں رکھیں جس میں ہوا داخل نہ ہو سکے اور اس کریم کو دو ماہ کے اندر اندر استعمال کر لیں۔
اس کریم کو منہ کے بجائے جسم پر استعمال کیا جائے کیونکہ منہ پر اس کریم کا استعمال کرنا چہرے کی جِلد کو مزید چکنا بنا سکتا ہے۔