اداکارشمعون عباسی بھی اپنی فلم کے ساتھ کانزفیسٹیول کا حصہ بنیں گے


رواں سال پاکستانی کے باصلاحیت اداکاروہدایت کارشمعون عباسی اپنی فلم ’درج‘ کے ساتھ کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کریں گے۔

فلمی دنیا کے سب سے بڑے میلے کانزفلم فیسٹیول کا آغاز ہوچکا ہے۔ گزشتہ برس اداکارہ ماہرہ خان نے کانز ریڈ کارپٹ پرپاکستان کی نمائندگی کی تھی جب کہ رواں برس پاکستان کے باصلاحیت اداکارو ہدایت کار شمعون عباسی اپنی فلم ’درج‘ کے ساتھ 72 ویں کانز فلم فیسٹیول کا حصہ بنیں گے۔

شمعون عباسی نے یہ خوشخبری اپنے چاہنے والوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر شیئر کرکے  کانز فیسٹیول میں شرکت کی تصدیق کی۔

شمعون عباسی کی فلم ’درج‘ رواں سال 11 اکتوبر کو امریکا، برطانیہ، کینیڈا، متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین ، اومان اور قطر میں ریلیز کی جائے گی، تاہم اس فلم کو پاکستان میں ریلیزنہیں کیا جائے گا۔

شمعون عباسی نے اپنی فلم کو پاکستان میں ریلیز نہ کرنے کی وجہ پاکستانی ڈسٹری بیوٹرزکو قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے ڈسٹری بیوٹرز صرف کمرشل اور مصالحہ فلموں کی قدرکرتے ہیں۔ پاکستانی ڈسٹری بیوٹرز نے جو لگا بندھا معیاربنارکھا ہے میں اس روایت کو اپنی فلم دنیا بھر میں ریلیز کرکے توڑنا چاہتاہوں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شمعون عباسی نے فلم ’’ دُرج ‘‘ پاکستان میں ریلیز نہ کرنے کی وجہ بتا دی

واضح رہے کہ فلم ’درج‘ کی کہانی پاکستان میں رونما ہونے والے سچے واقعے پرمبنی ہے جس میں لوگوں کو مردہ انسانوں کو کھاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ فلم میں شمعون عباسی آدم خورکا مرکزی کردار نبھارہے ہیں جب کہ فلم کی کہانی اور ہدایت کاری کے فرائض بھی انہوں نے انجام دئیے ہیں۔ فلم میں شمعون عباسی کے علاوہ شیری شاہ، مائرہ خان، نعمان جاوید اور دودی خان شامل ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں