اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ وتخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشترنے کہاہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت 57 لاکھ 50 ہزار مستحق خاندانوں میں 69 ارب روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔
معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ وتخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشترنے کہاہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت 144ارب میں سے پہلی دو کیٹگریز میں57 لاکھ 50 ہزار مستحق خاندانوں میں 69 ارب روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں، تھرڈ کیٹگری کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی جب کہ مستحقین کو 12ہزار روپے دیتے وقت کٹوتی کرنے والے ریٹیلرز کیخلاف سخت کارروائی کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں مستحقین کیلئے 33 ارب روپے جاری ہو چکے، اب تک 2.3 ملین حقداروں کو پیسے مل چکے ہیں، پروگرام میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، سندھ ، کے پی کے، بلوچستان اوراضلاع کی تفصیلات ویب سائٹ پر دستیاب ہیں ،رمضان المبارک میں لوگوں کی مشکلات کا احساس ہے۔
ثانیہ نشتر نے بتایا کہ حساس ایمرجنسی کیش انفارمیشن پورٹل کا اجراء کردیا ۔اگلے پندرہ دن احساس کیش ایمرجنسی کے حتمی میسجز کے ذریعے آگاہ کر دیا جائے گا۔
شہباز گل نے کہا کہ کسی بھی اسٹیک ہولڈر کو دبا نہیں رہے، علماء20 نکاتی ایجنڈے پر عمل کروائیں، عوام بھی غیر ضروری باہر نہ نکلیں، انہوں نے کہا ایک خاص پارٹی نے ایک صوبے میں بار بار سیاست کی۔ پھر مجبوراً جواب دینا پڑا،طبی عملے اور بیٹ میڈیارپورٹرکو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔