اداکارہ سجل علی اور احد رضا میر کی شادی زیادہ دور نہیں جس کے لیے انہوں نے دعوت نامے بانٹنا بھی شر وع کردیے ہیں۔
سجل اور احد رضا نے اپنی شادی پر برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کراچی مائیک نیتھاوریاناکس کو بھی مدعو کیا ہے۔
برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کراچی مائیک نیتھاوریاناکس نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جَلد شادی کے بندھن میں بندھنے والے جوڑے کے ساتھ تصویر شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ ایک کیپشن بھی لکھا۔
انہوں نے اپنے کیپشن میں لکھا کہ ’سجل اور احد سے ملنا اور ان کی شادی کا دعوت نامہ موصول کرنا بے حد اچھا لگا، یہ دونوں اسکرین پر کئی مرتبہ شادی کر چکے ہیں اور اب حقیقی زندگی میں ان کی شادی ہورہی ہے‘۔
برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کراچی نے اداکار جوڑی کی آنے والی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل احد رضا میر کی والدہ کی جانب سے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک تصویر شیئر کی گئی تھی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلاب اور گیندے کے پھولوں کے درمیان ایک کیک رکھا ہوا ہے جس پر لکھا ہے ’احد اور سجل کی ڈھولکی‘۔
س تصویر کے بعد اداکار جوڑی کے چاہنے والوں میں ایک خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ اب ایسا لگ رہا ہے کہ دونوں کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے اور اب مداحوں کو اداکار جوڑی کی شادی کی تقریب کا انتظار ہے۔
تاہم شادی کی باقاعدہ تاریخ کے حوالے سے سجل علی اور احد رضا میر کی جانب سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔