اتحادی جماعتوں نے ظہرانے میں وزیراعظم کے سامنے شکایتوں کے انبار لگادیے


وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اتحادیوں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے شکایتوں کے انبار لگادیے۔

ذرائع کے مطابق اتحادیوں نے ترقیاتی فنڈز، میگا پروجیکٹ نہ دینے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

ظہرانے میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے)  نے سندھ حکومت سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا۔

فہمیدا مرزا نے کہا کہ اندرون سندھ کے عوام کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے، وفاقی یا صوبائی حکومتوں نےکوئی میگا پروجیکٹ یا ترقیاتی کام نہیں کیے۔

پیرپگارا نے کہا کہ ہم اتحادی ہیں لیکن حکومت اس کا ثبوت نہیں دے رہی۔ ایم کیو ایم ارکان نے کہا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر کام انتہائی سست روی کا شکار ہے، سندھ حکومت کے عدم تعاون کی وجہ سے کراچی کے لوگوں متاثر ہورہے ہیں۔

اس کے علاوہ اہم اتحادی جماعت مسلم لیگ ق نے ظہرانے میں احتجاجاً شرکت نہیں کی۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھاکہ انہوں نے تحفظات سن لیے ہیں، جلد عمل درآمد ہوتا نظر آئے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں