اب کراچی کی ترقی وفاقی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے: وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے حوالے سے کہا ہے کہ سیاسی بدانتظامیوں کے باعث کراچی کے حالات بدترین ہوئے لیکن اب کراچی کی ترقی وفاقی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں ملک کی تازہ سیاسی صورت حال اور قانونی امور پر مشاورت کی گئی۔

ملاقات میں کراچی ٹرانسفارمیشن پیکج سمیت پارلیمانی معاملات پر گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاسی بدانتظامیوں کے باعث کراچی کے حالات بدترین ہوئے، کراچی کی ترقی وفاقی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے اور وفاق کراچی کے مسائل کے حل کے لیے مالی وسائل فراہم کرے گا جب کہ ٹرانسفارمیشن پیکج کے تحت منصوبوں پرجلد عملدرآمد ضروری ہے۔

ملاقات کے دوران فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) سے متعلقہ قانون سازی پر بھی گفتگو کی گئی اور وزیراعظم نے قانون سازی کا عمل جلد مکمل کرنے کےعزم کاا ظہار کیا۔

بابر اعوان نے وزیراعظم کو قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ ملکی سلامتی سے متعلق قانون سازی میں تاخیر نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے ایک ہزار 113 ارب روپے کے تاریخی پیکج کا اعلان خوش آئند ہے، وفاقی حکومت نے معاشی حب کی بہتری کے لیے بروقت قدم اٹھایا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے طوفانی بارشوں کے ایک ہفتے بعد کراچی کا دورہ کیا اور شہر کیلئے 1100 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا تھا۔

اس اعلان کے بعد پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ وفاق کے کراچی کیلئے اعلان کردہ 1100 ارب روپے کے پیکج میں سے 800 ارب روپے کے منصوبے سندھ حکومت کے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں