اب ٹوئٹر پرمشہور افراد کے ساتھ اہم موضوعات کو بھی فالو کیجیے


کیلیفورنیا: ٹوئٹر کا نام آتے ہی ہمارے ذہن میں لوگوں کے ذاتی اکاؤنٹس آتے ہیں جن میں فنکار یا سیاست داں اپنی اپنی بات کرتے نظر آتے ہیں۔ لیکن اب ٹوئٹر نے اپنے صارفین میں اضافے کےلیے موضوعات یا ٹاپکس کا آپشن بھی پیش کیا ہے۔

اگر کوئی ڈاکٹر اپنے پسندیدہ موضوعات پر ٹویٹس پڑھنا چاہتا ہے تو ان کی تلاش ایک بہت دقت طلب کام ہوسکتی ہے۔ اسی بنا پر ٹویٹر نے امریکا میں 300 موضوعات اور شعبوں پر ٹویٹس منتخب کرنے کی سہولت فراہم کی ہے۔ ان میں بریکنگ نیوز بھی ہوسکتی ہیں تو کسی نئی دریافت کا احوال بھی شامل ہوسکتا ہے۔

یہ ٹویٹ ایک بیج کے تحت ایک ٹائم لائن کی صورت میں نمودار ہوتی ہے۔ اس طرح آپ ٹائم لائن یا سرچ آپشن سے بھی پسندیدہ موضوعات کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ اگرچہ ابھی موضوعات امریکی صارفین کے لحاظ سے ہی مرتب کیے گئے ہیں لیکن اگلے چند ماہ میں دنیا کے دیگر ممالک کے لحاظ سے بھی آپشنز پیش کیے جائیں گے۔

اس کے لیے اینڈروئیڈ ٹویٹر ورژن 8.21.0 کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جو پلے اسٹور پر بھی دستیاب ہے۔ بعض صارفین نے شکایت کی ہے کہ  اپ ڈیٹ کرنے اور مختلف موضوعات منتخب کرنے کے باوجود انہیں کوئی ایک ٹویٹ بھی اس بنیاد پر موصول نہیں ہوئی۔ شاید کچھ وقت کے بعد ہی اس پر عمل درآمد ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں