اب موبائل فون کی روشنی کو لیمپ بنائیں


 نیویارک:

لومپلی ایک دلچسپ اور سادہ ایجاد ہے جو ہر اسمارٹ فون کی روشنی کو ایک منورمینار میں تبدیل کرسکتی ہے۔ یعنی موبائل فون کو میز پر رکھے لیمپ کی صورت دے سکتی ہے۔  

بسا اوقات ہم چاہتے ہیں کہ موبائل فون کی روشنی میں کوئی کام کرسکیں یا کتاب پڑھ سکیں لیکن اس کے لیے فون اٹھا کر اس کے بلب کا رخ کتاب کی جانب کرنا پڑتا ہے۔ لومپلی ایک طرح سے موبائل فون کی لائٹ ہے۔ یہ مضبوط مٹیریئل سے بنا ایک چوڑی دار مرغولہ ہے جو سکڑ اور پھیل سکتا ہے۔

اسے بند کرنے کے بعد یہ سکڑ سمٹ کر ایک کپڑے کی تھیلی میں بند ہوجاتا ہے اور اسے سنبھال کر رکھا جاسکتا ہے۔ کھلنے کے بعد یہ 10 گنا تک بڑھا ہوجاتا ہے۔ اس کے ساتھ ایک چھوٹا گول مقناطیس دستیاب ہے جو کسی بھی اسمارٹ فون کی پشت سے چپک جاتا ہے اور گرتا نہیں۔ اب اس کے اوپر آپ لومپلی کو لگا سکتے ہیں تاکہ وہ روشنی کے نفوذ (ڈفیوژن) کو ممکن بناکر پورے لیمپ کو روشن کرتا ہے اور اسمارٹ فون کی روشنی بڑھ جاتی ہے۔

لومپلی کے کنارے پر ایک اور مقناطیس لگا ہے جو فون پر لگے مقناطیس سے چپک جاتا ہے اور یوں لیمپ اپنی جگہ سے ہلتا نہیں ہیں۔ اس کے اندر باریک سوراخ ہیں جس سے روشنی لیمپ کے اندر جاتی ہے اور اس کے ہر حصے کو منور کرتی ہے۔ اس طرح فون کی لائٹ روشنی کے ایک چھوٹے سے مینار کی شکل اختیار کرلیتی ہے۔ یہاں تک کہ ہلانے جلانے سے بھی یہ لیمپ نیچے نہیں گرتا۔

اس کی دلچسپ بات یہ ہے کہ اندھیرے کمرے میں رکھنے سے اس سے روشنی کے باریک نقطے بنتے ہیں اور کمرے کی چھت کسی تاروں بھرے آسمان جیسی لگتی ہے۔ اس کی ایپ کی بدولت صرف تالی بجانے سے بھی لیمپ روشن ہوجاتا ہےاور دوسری تالی پر اس کی روشنی بند ہوجاتی ہے۔ جبکہ اوپر کا حصہ گھمانے سے روشنی کو کم اور زیادہ کیا جاسکتا ہے۔

بعض لوگوں نے سوال کیا ہے کہ اس کا ڈھانچہ بہت کمزور ہیں لیکن ایسا نہیں لیمپ کا مٹٰیریئل ہزاروں مرتبہ دھویا جاسکتا ہے اور ہزاروں مرتبہ کھولنے اور بند کرنے پر بھی خراب نہیں ہوتا۔ ماہرین نے اس کے لیے موزوں ترین کاغذ بنانے کے لیے چھ ماہ تک مسلسل تحقیق اور کوشش کی ہے۔

لومپلی اسمارٹ فون کا ایک لیمپ 25 یورو میں خریدا جاسکتا ہے۔ یعنی پاکستانی 4700 روپے میں خریدا جاسکتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں