معروف اداکار آغا علی نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں انہوں نے ایک بھارتی فلم میں کام کی پیش کش مسترد کردی تھی لیکن اب اگر انہیں آفر ہوئی تو وہ وہاں جاکر کام کرلیں گے۔
آٖغا علی نے حال ہی میں سنو ٹی وی کے مزاحیہ ٹاک شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے گلوکاری بھی کی جب کہ انہوں نے اپنی پسندیدہ اداکاراؤں کے نام بھی لیے۔
ایک سیگمنٹ کے دوران انہوں نے کہا کہ اگر انہیں اپنے ساتھ کسی کو کاسٹ کرنے کا موقع ملے تو وہ وینا ملک کے بجائے میرا کو کاسٹ کریں گے جب کہ ان کے مقابلے ماورہ حسین کو ترجیح دیں گے۔
انہوں کہا کہ وہ فائزہ حسین کے مقابلے عائشہ عمر جب کہ ان کے مقابلے نیلم منیر اور ان کے مقابلے اقرا عزیز جبکہ ان کے مقابلے حمائمہ ملک اور ان کے مقابلے مہوش حیات کو اپنے ساتھ کاسٹ کرنا چاہیں گے۔
پروگرام میں جب ان سے بھارتی فلم کی پیش کش ٹھکرانے سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ انہیں کئی سال قبل بھارتی فلم میں کام کرنے کی آفر ہوئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں بولی وڈ فلم میں نہیں بلکہ بھارتی پنجابی فلم میں کام کی کش کش ہوئی تھی اور اس وقت وہ شوبز میں نئے آئے تھے۔
آغا علی کا کہنا تھا کہ اس وقت وہ پاکستان میں بہت ہی اچھے ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف تھے جب کہ شوبز میں نئے ہونے کی وجہ سے بھی انہوں نے بھارتی پنجابی فلم میں کام کی پیش کش مسترد کی۔
ان کے مطابق انہیں ایسا لگا کہ کیریئر کے آغاز میں بھارتی پنجابی فلم میں کام کرنے کا فیصلہ اچھا نہیں ہوگا، اس لیے انہوں نے وہاں کام کرنے کی پیش کش مسترد کی۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر اب انہیں بھارت میں کسی بھی کام کی پیش کش ہوگی تو وہ وہاں جاکر کام کرلیں گے۔