شادیوں کا سیزن آتے ہی پاکستانی فنکاروں نے بھی اپنے مداحوں کے لیے ایسے گانے بنانا شروع کردیے جن سے شادیوں کی تقریبات مزید خوبصورت اور رنگین بن جائیں گی۔
معروف گلوکار ابرارالحق نے بھی اسی طرح کا ایک نیا گانا ریلیز کردیا ہے جو یقیناً مہندی کی ہر تقریب کے دوران گانوں کی فہرست میں نمبر ون پر ہوگا۔
ابرارالحق کے اس نئے گانے ‘چمکیلی’ میں کوئی اور نہیں بلکہ اداکارہ مہوش حیات نے پرفارم کیا، جبکہ گانے کی ویڈیو میں ان کا ساتھ معروف یوٹیوب اسٹار شاہ ویر جعفری نے دیا ہے۔
گانے میں مہوش حیات چمکیلی بنی ہیں، جو اپنی شادی کی تقریب کے دوران نہایت پرجوش نظر آرہی ہیں۔
جہاں شاہ ویر نے اس گانے میں سفید رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا وہیں مہوش حیات سرخ رنگ کے عروسی جوڑے میں نہایت خوبصورت انداز میں نظر آئیں۔
مزید پڑھیں: مہوش حیات نے یوٹیوب اسٹار سے ‘شادی’ کرلی
ویڈیو میں دکھایا گیا کہ مہوش حیات روایات کو تبدیل کرتے ہوئے اپنی بارات خود لےکر شاہ ویر کے گھر آئی ہیں اور شاہ ویر کو رخصت کروا کے اپنے گھر لے جانے کا ارادہ کررہی ہیں۔
انٹرنیٹ پر اس گانے کو بہت پسند کیا جارہا ہے تاہم کچھ افراد روایات کو تبدیل کرنے پر ابرارالحق اور مہوش حیات کو تنقید کا نشانہ بھی بنارہے ہیں، جبکہ بعض نے تو ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرانے کی دھمکی بھی دی ہے۔
اس معاملے پر مہوش حیات نے اپنے انسٹاگرام پر ابرارالحق کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں گلوکار نے دھمکی دینے والے افراد کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک گانا ہے اسے سن کر مزہ لیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مہوش حیات نے گانے کی ویڈیو میں جلوہ گر ہونے کے ساتھ ساتھ ابرارالحق کے ہمراہ اس کی گلوکاری بھی کی ہے۔
انٹرنیٹ پر اس گانے کو خوب پسند کیا جارہا ہے جبکہ مداح امید ظاہر کررہے ہیں کہ مہوش خود بھی اپنا گانا ریلیز کریں گی۔
اس گانے کی کمپوزیشن بھی خود ابرارالحق نے کی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل شوبز اسٹارز نے اس گانے کی ویڈیو کی چند جھلکیاں بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی تھی۔