ابتدائی کائنات میں کہکشاؤں کی تشکیل کی شاندار تصویر جاری

ابتدائی کائنات میں کہکشاؤں کی تشکیل کی شاندار تصویر جاری


پیساڈینا، کیلیفورنیا: ابتدائی کائنات کے متعلق حیرت انگیز انکشاف کرنے والی جیمزویب خلائی دوربین نے ساڑھے گیارہ ارب سال قبل تشکیل پانے والی ابتدائی کہکشاؤں کے راز سے پردہ اٹھایا ہے۔

اس تصویر میں بڑی کہکشاؤں کا ایک ایسا جھرمٹ دکھائی دے رہا ہے جو تشکیل کے مراحل سے گزررہی ہیں اور ایک کوزار کے گرد گرہ کی صورت میں بن رہی ہیں۔ آج ہم اپنی کائنات میں جو کچھ دیکھ رہے ہیں یہ اس کی ابتدائی کیفیت ظاہر کرتی ہیں۔

تصویر میں بھاری بھرکم کہکشائیں ایک بہت سرخ کوزار کے گرد بن رہی ہیں۔ کوزار اقیک خاص قسم کے اجسام ہیں جو سرگرم کہکشانی مرکزہ (ایکٹو گیلیکٹک نیوکلیئس یا اے جی این) بناتے ہیں۔ انہیں کوزی اسٹیلر ریڈیو سورس بھی کہا جاتا ہے۔ کوزار کے قلب میں بلیک ہول ہوتے ہیں جہاں گیس اور مادہ گرتا رہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس کی روشنی اطراف کی کہکشاؤں سے زیادہ روشن دکھائی دیتی ہے جو جیمزویب دوربین کی تصویر سے بھی عیاں ہیں۔

جیمزویب سے دریافت شدہ اس کوزار کا نام SDSS J165202.64+172852.3 ہے جو ہم سے 11.5 ارب نوری سال دور ہے۔ یہ اندرونی دمک کی وجہ سے بھی سرخ ہے جبکہ دوری کی وجہ سے ریڈ شفٹ ہونے سے اس پر سرخی کا رنگ غالب ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ یہ بہت ہی طاقتور کوزار ہے اور اس سے خارج ہونے والی گیسوں سے ایک طرح کی کہکشانی ہوا خارج ہورہی ہے جس سے گیسیں آزاد ہورہی ہیں اور اطراف میں ستارہ سازی میں اپنا اہم کردار ادا کررہی ہوں گی۔ ماہرین نے اس کے گیس، گردوغبار، اس کی شدت اور سمت کا بغور جائزہ لیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسی کوزار کو ہبل دوربین سے بھی دیکھا گیا تھا لیکن جدید ترین ویب دوربین سے اس کے نئے پہلو دریافت ہوئے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں