آنر حال ہی میں ہواوے سے الگ ہوکر ایک خودمختار کمپنی کی شکل میں سامنے آئی اور اب اس کی پہلی ڈیوائس متعارف کرائی گئی ہے۔
حیران کن طور پر یہ اسمارٹ فون نہیں ایک لیپ ٹاپ ہے جسے آنر میجک بک پرو 2021 کا نام دیا گیا ہے۔
لاس ویگاس میں سی ای ایس ٹیکنالوجی نمائش کے دوران آنر کا یہ لیپ ٹاپ پیش کیا گیا، جس میں 10 جنریشن انٹیل کور آئی 5 10210یو پراسیسر اور انویڈیا (nvidia) جی فورس ایم ایکس 350 جی پی یو دیا گیا ہے۔
اس سے قبل آنر کے پرانے میجک بک لیپ ٹاپ میں اے ایم ڈی رائزین 5 4600 ایچ پراسیسر دیا گیا تھا۔
اس لیپ ٹاپ میں 16.1 ڈسپلے فل ایچ ڈی پلس سپورٹ کے ساتھ دیا گیا ہے جبکہ 16 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج موجود ہے۔
ویڈیو کالنگ کے لیے پوپ اپ ویب کیم ڈیوائس کا حصہ ہے۔
جہاں تک پورٹس کی بات ہے تو اس لیپ ٹاپ میں 3 یو ایس بی۔ اے پورٹس، ایک یو ایس بی۔ سی پورٹ اور ایک ایچ ڈی ایم آئی کنکشن پورٹ موجود ہے جبکہ 3.5 ایم ایم ہیڈفون جیک بھی ڈیوائس کا حصہ ہے۔
لیپ ٹاپ میں ایک فنگرپرنٹ سنسر بھی موجود ہے جو پاور بٹن میں چھپا ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ سنگل چارج پر اس کی 56 واٹ آر بیٹری ساڑھے 11 گھنٹے لگاتار کام کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
بیٹری کو چارج کرنے کے لیے لیپ ٹاپ کے ساتھ 65 واٹ اڈاپٹر دیا جائے گا جو 30 منٹ میں 50 فیصد بیٹری چارج کرسکتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے دستیابی کی تاریخ تو نہیں بتائی گئی، تاہم اس کی قیمت ایک ہزار ڈالرز (ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔