پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کو پروپیگنڈا ویب سیریز پروڈیوس کرنے پر آئینہ دکھادیا۔
میجر جنرل آصف غفور نے اپنے نجی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ذاتی حیثیت میں شاہ رخ خان کو حقیقت بیان کرتے ہوئے کرارا جواب دیا۔
گزشتہ روز شاہ رخ خان نے ٹوئٹر پر اپنی پروڈیوس کردہ نئی ویب سیریز ‘بارڈ آف بلڈ’ کا ٹریلر جاری کیا تھا۔
بھارتی اداکار کے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے ’نیٹ فلیکس‘ کی ویب سیریز ’بارڈ آف بلڈ‘ بنائی گئی ہے جو بھارتی ایجنٹ کی زندگی پر مبنی ہے۔
اس سیریز میں نہ صرف پاکستان بلکہ مسلمانوں کے خلاف بھی پروپیگنڈا کیا گیا ہے اور اس میں مرکزی کردار اداکار عمران ہاشمی نے کیا ہے۔
اسی ٹوئٹ میں میجر جنرل آصف غفور نے شاہ رخ خان کو ٹیگ کرکے لکھا کہ ‘شاہ رخ خان بالی وڈ سنڈروم میں رہیں، حقیقت کیلئے را کے جاسوس کلبھوشن یادیو، ونگ کمانڈر ابھی نندن اور 27 فروری 2019 کی صورتحال دیکھیں’۔
میجر جنرل آصف غفور نے شاہ رخ خان کو مشورہ دیا کہ ‘آپ اس کے بجائے ہندوتوا اور فسطائیت سے متاثر آر ایس ایس اور بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم کے خلاف بات کرکے امن اور انسانیت کو فروغ دے سکتے تھے’۔
شاہ رخ خان نے ویب سیریز کا ٹریلر اپنے اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کیا جس پر انہیں مداحوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ کئی ٹوئٹر صارفین نے فلم میں مسلمانوں کو دہشت گرد دکھانے پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
بالی وڈ اداکار خود بھی اس ویب سیریز کی تشہیر میں مصروف ہیں اور سیریز کے مرکزی کردار عمران ہاشمی کے ساتھ اس کی تشہیر کررہے ہیں۔