آسٹریلیا کے خلاف جارح مزاجی سے کھیلیں گے: سرفراز احمد


ٹاؤنٹن: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف فتح سے کھلاڑی پراعتماد ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف بھی جارح مزاجی سے کھیلیں گے۔

پاکستان اور دفاعی چیمپئن آسٹریلیا ورلڈکپ کے 17ویں میچ میں ٹاؤنٹن کے کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ میں کل مدمقابل ہوں گے اور میچ بارش کے باعث متاثر ہوسکتا ہے۔

میچ سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہم آسٹریلیا کے خلاف اسی جارح مزاجی سےکھیلیں گے جیسے انگلینڈ کے خلاف کھیلے تھے اور دونوں ٹیموں کے درمیان اچھے مقابلے کی توقع ہے۔

سری لنکا کے خلاف میچ منسوخی سے کپتان سرفراز احمد ناخوش دکھائی دیے، ان کا کہنا تھا خواہش تھی کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ سے قبل دو فتوحات حاصل کرلیتے لیکن موسم ہمارے اختیار میں نہیں۔

سرفراز احمد نے مزید کہا کہ اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی واپسی سے آسٹریلوی ٹیم مضبوط ہوئی ہے تاہم انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد تمام کھلاڑی پراعتماد ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اب تک ورلڈکپ 2019 میں 3 میچز کھیل چکا ہے، پہلے میچ ویسٹ انڈیز نے گرین شرٹس کو شکست دی جس کے بعد پاکستان نے دوسرے میچ میں ایونٹ کی مضبوط ٹیم انگلینڈ کو زیر کیا اور سری لنکا کے خلاف تیسرا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوا۔


اپنا تبصرہ لکھیں