آئی فون 5 صارفین اپنی ڈیوائسز فوری اپ ڈیٹ کرلیں


ایپل نے آئی فون 5 استعمال کرنے والے صارفین کو 3 نومبر سے قبل اپنی ڈیوائسز کے آپریٹنگ سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی اور ایسا نہ کرنے پر وہ اہم فیچرز جیسے ایپ اسٹور، آئی کلاﺅڈ، ای میل اور ویب براﺅزنگ سے محروم ہوجائیں گے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ اپ ڈیٹ فون کے لیے ضروری ہے تاکہ وہ درست جی پی ایس کو برقارر رکھ سکے، جو کہ ڈیوائس کے فیچرز کو درست طریقے سے کام کرنے میں مدد دیتا ہے۔

ایپل نے اپ ڈیٹ کو اس لیے لازمی قرار دیا ہے کہ کیونکہ اس نے رواں سال اپریل میں جی پی ایس سسٹم کو بہتر کیا تھا۔

اگر صارفین نے آئی فون 5 کو 3 نومبر تک آئی او ایس 10.3.3 پر اپ ڈیٹ نہیں کیا تو متعدد فیچرز کام کرنا چھوڑ دیں گے جن کا ذکر اوپر کیا جاچکا ہے۔

فون کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے سیٹنگز مینیو میں جاکر جنرل پر کلک کریں اور سافٹ وئیر اپ ڈیٹ کا انتخاب کریں جبکہ اباﺅٹ کے آپشن میں دیکھ سکتے ہیں کہ ان کا آئی فون پر اس وقت کونسا آپریٹنگ سسٹم کام کررہا ہے۔

ایپل کی جانب سے آئی فون 5 کے صارفین کو یہ انتباہ ایک الرٹ کی صورت میں بھی جاری کیا جارہا ہے۔

یہ واضح نہیں کہ اس سے کتنے صارفین متاثر ہوسکتے ہیں کیونکہ ایپل نے حال ہی میں کہا تھا کہ اس کی لگ بھگ 50 فیصد ڈیوائسز آئی او ایس 13 پر چل رہی ہیں جو آئی فون کا تازہ ترین آپریٹنگ سسٹم ہے۔

صرف 9 فیصد ڈیوائسز میں گزشتہ سال کے آئی او ایس 12 کام کررہا ہے۔

جہاں تک آئی فون 5 کی بات ہے تو ایپل نے اسے 2012 میں متعارف کرایا تھا اور اب قدیم ہی سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ نئے آئی او ایس آپریٹنگ سسٹمز کو سپورٹ نہیں کرتا۔


اپنا تبصرہ لکھیں