آئرلینڈ کو تیسرے ٹی20 میں شکست، پاکستان نے سیریز 1-2 سے جیت لی

آئرلینڈ کو تیسرے ٹی20 میں شکست، پاکستان نے سیریز 1-2 سے جیت لی


پاکستان نے میزبان آئرلینڈ کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔ 

ڈبلن میں کھیلے گئے اس میچ میں آئرلینڈ کا 179 رنز کا ہدف قومی بیٹرز نے 17ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ بابر اعظم اور محمد رضوان نے 10ویں مرتبہ سنچری پارٹنرشپ بناڈالی۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 75 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور 5 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ محمد رضوان نے 38 گیندوں پر 56 رنز بنائے۔ صائم ایوب 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اعظم خان 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آئرلینڈ کے مارک ایڈائر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک وکٹ کریگ ینگ نے لی۔

اس سے قبل سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے اپنی بولنگ لائن کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔

آئرلینڈ کے لورکان ٹکر نے 41 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز 13 چوکوں اور ایک چھکے سے مزین تھی۔

دیگر کھلاڑیوں میں اینڈی بالبرنی 35 اور ہیری ٹیک ٹور نے 30 رنز کی نمایاں باری کھیلی ، یوں آئرلینڈ نے 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 178 رنز بنائے۔

گرین شرٹس کی طرف سے شاہین آفریدی نے 14 رنز دے کر 3 اورعباس آفریدی نے 43 رنز دے کر 2 جبکہ محمد عامر اور عماد وسیم نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

تیسرے ٹی ٹوئنٹی کےلیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی جہاں نسیم شاہ کی جگہ پر حسن علی کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا۔

پاکستان ٹیم کپتان بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، حسن علی، شاہین آفریدی، عباس آفریدی اور محمد عامر پر مشتمل تھی۔

آئرش ٹیم میں آخری میچ کےلیے دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ پال اسٹرلنگ اور  گریتھ ڈینلے کی جگہ پر روس ایڈائر اور نیل راک کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھی۔

ہوم ٹیم کی کپتانی آج وکٹ کیپر لورکان ٹکر کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مارک ایڈائر، روس ایڈائر، اینڈریو بالبیرنی، کرٹس کیمفر، جارج ڈاکریل، گراہم ہیوم، نیل راک، ہیری ٹیکٹر، بین وائٹ اور کریگ ینگ شامل تھے۔

پہلے میچ میں آئرلینڈ نے کامیابی سمیٹی تھی جبکہ دوسرےمیچ میں پاکستان نے ہوم ٹیم کو باآسانی زیر کردیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں